بی پی ایل میں حیدر کی دھواں دار بیٹنگ، لگاتار 4 چھکے مار کر ٹیم کو میچ جتوا دیا

بنگلادیش پریمیئر لیگ(بی پی ایل) 11 میں پاکستان کے نوجوان بیٹر حیدر علی نے مسلسل 4 گیندوں پر 4 چھکے مار کر اپنی ٹیم کو میچ جتوا دیا۔

بدھ کو بنگلادیش پریمیئر لیگ میں چٹاگانگ کنگز کی نمائندگی کرتے ہوئے حیدر علی نے رانگپور رائیڈرز کے خلاف دھواں دار اننگز کھیلی۔

 رانگپور رائیڈرز کے 144 رنز کے ہدف کے تعاقب میں چٹاگانگ کنگز کو 18 گیندوں پر 20 رنز درکار تھے۔

چٹاگانگ کنگز کی اننگز میں 18 واں اوور  عاکف جاوید نے کروایا، حیدر علی نے مسلسل 4 گیندوں پر 4 چھکے مار کر اپنی ٹیم کو میچ جتوا دیا۔

حیدر علی نے ہدف کے تعاقب میں 18 گیندوں پر 48 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس میں 6 چھکے اور چوکا شامل تھا۔

چٹاگانگ کنگز نے  رانگپور رائیڈرز کو با آسانی 5 وکٹوں سے شکست دی، شاندار بیٹنگ کرنے پر حیدر علی کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔