چیمپئنز ٹرافی: بھارتی کرکٹ بورڈ کا وفد سیمی فائنل دیکھنے کل قذافی اسٹیڈیم پہنچے گا

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے بڑے مقابلے میں پڑوسی ملک کی خصوصی دلچسپی! جنوبی افریقا اور نیوزی لینڈ کے درمیان کل ہونے والے دوسرے سیمی فائنل کے لیے بھارتی کرکٹ بورڈ کا وفد لاہور کے قذافی اسٹیڈیم پہنچے گا۔

ذرائع کے مطابق بی سی سی آئی کا وفد واہگہ بارڈر کے ذریعے پاکستان آئے گا اور لاہور میں دو روز قیام کرے گا۔ وفد کی سربراہی بھارتی کرکٹ بورڈ کے نائب صدر راجیو شکلا کریں گے، جو پاکستان میں میچ دیکھنے کے ساتھ ساتھ دیگر ملاقاتیں بھی کریں گے۔

یاد رہے کہ آج پہلا سیمی فائنل بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان دبئی میں کھیلا جا رہا ہے، جس پر دنیا بھر کے شائقین نظریں جمائے بیٹھے ہیں۔