پاکستان کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کی کپتانی پر سوالات اٹھاتے ہوئے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
عامر نے کہا کہ پہلے وہ ڈومیسٹک اور پی ایس ایل میں رضوان کی کپتانی کے معترف تھے، لیکن حالیہ دنوں میں ان کے فیصلے حیران کن حد تک بدل گئے ہیں۔
محمد عامر نے ہنستے ہوئے طنز کیا کہ رضوان کی کپتانی کا معیار فراری سے رکشہ جیسا ہو گیا ہے۔ عامر کے مطابق پی ایس ایل میں رضوان کی قائدانہ صلاحیتوں نے ٹیم کو کئی بار فائنل تک پہنچایا، مگر اب ان کے فیصلوں میں خود اعتمادی کی کمی نظر آتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر رضوان یہ کہتے ہیں کہ ٹیم کے انتخاب میں ان کا کوئی کردار نہیں، تو یہ دعویٰ ناقابلِ قبول ہے۔ عامر نے کہا کہ رضوان ایک کامیاب اور سمجھدار کھلاڑی ہیں، انہیں ٹیم کے انتخاب میں اپنا کردار نبھانا چاہیے تھا، مگر انہوں نے یہ جرات مندانہ قدم نہیں اٹھایا، جس پر حیرانی ہے۔