پاکستانی عوام کی محبت کبھی نہیں بھلا سکوں گا: وکرانت گپتا

بھارتی صحافی وکرانت گپتا نے پاکستان میں قیام کے دوران ملنے والی محبت اور عزت کو ناقابلِ فراموش قرار دیا ہے۔ چیمپئنز ٹرافی کی کوریج کے لیے پاکستان آنے والے وکرانت گپتا نے ایک انٹرویو میں کہا کہ کھیل سرحدوں سے بالاتر ہوتے ہیں اور عوام کے دلوں کو جوڑنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں پاکستان اور بھارت کے تعلقات کھیلوں کے ذریعے مزید بہتر ہوں گے، اور دونوں ممالک کے درمیان ایسے دورے عوام کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

بھارتی ٹیم کے پاکستان نہ آنے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وکرانت گپتا کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ حکومتوں کا تھا، لیکن اگر عوام اور صحافی ایک دوسرے کے ملک جا سکتے ہیں تو کھلاڑیوں کو بھی موقع دیا جانا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں سب سے حیران کن بات یہ تھی کہ عوام بھارتی کرکٹرز، خاص طور پر ویرات کوہلی سے بےحد محبت کرتے ہیں۔ لاہور کی گلیوں، سڑکوں اور میدانوں میں کئی نوجوانوں کو ویرات کوہلی کی نمبر 18 جرسی پہنے دیکھا، جو ثابت کرتا ہے کہ کرکٹ کسی بھی سرحد یا سیاسی کشیدگی سے بالاتر ہے۔