امریکا بھر میں ایک نیا اور تیزی سے پھیلتا ہوا سائبر خطرہ سامنے آیا ہے جس نے ایف بی آئی کو خبردار کر دیا ہے۔ یہ خطرہ "ریاست سے ریاست" منتقل ہو رہا ہے اور شہریوں کو نقصان دہ ایس ایم ایس پیغامات یا "اسمشنگ" ٹیکسٹس کے ذریعے نشانہ بنا رہا ہے۔
ایف بی آئی حکام نے آئی فون اور اینڈرائیڈ صارفین سے درخواست کی ہے کہ وہ فوری طور پر کسی بھی مشتبہ ٹیکسٹ پیغام کو حذف کر دیں۔ رپورٹ کے مطابق، دنیا بھر میں "اسمشنگ" حملوں کی نئی لہر دیکھی جا رہی ہے۔
"اسمشنگ" دراصل SMS (شارٹ میسیج سروس) اور "فشنگ" کا مجموعہ ہے۔ اس تکنیک کے ذریعے اسکیمرز جعلی پیغامات بھیج کر صارفین سے پاس ورڈز، کریڈٹ کارڈ کی تفصیلات اور دیگر حساس ڈیٹا حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
ماہرین نے انتباہ کیا ہے کہ یہ سائبر حملے جعلی واجب الادا بلز اور جعلی ڈیلیوری الرٹس کے ذریعے شروع ہوتے ہیں، جن میں لنکس شامل ہوتے ہیں۔ ان لنکس پر کلک کرنے سے صارفین کو نہ صرف مالی نقصان ہوتا ہے بلکہ ان کی شناخت بھی خطرے میں پڑ جاتی ہے۔
سائبر سیکیورٹی ماہرین کے مطابق، ان حملوں کے ذریعے حساس معلومات چرانا آسان ہو جاتا ہے کیونکہ صارفین کو دھوکہ دے کر ادائیگی کے پورٹل پر لے جایا جاتا ہے۔ حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی مشکوک پیغام کو فوری طور پر ڈیلیٹ کر دیں اور لنکس پر کلک کرنے سے گریز کریں۔