نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے خلاف تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کے لیے اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، جس میں پاکستانی نژاد کرکٹر محمد ارسلان عباس کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ وہ سابق پاکستانی فرسٹ کلاس کرکٹر اظہر عباس کے بیٹے ہیں، جو بعد میں نیوزی لینڈ منتقل ہو گئے تھے۔
اظہر عباس نے جیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ وہ اپنے بیٹے کی نیوزی لینڈ ٹیم میں شمولیت پر بے حد خوش ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ محمد ارسلان عباس ایک فائٹر ثابت ہوں گے اور پاکستان کے خلاف ایک زبردست میچ کھیلیں گے۔
محمد عباس کا کرکٹ سفر
اظہر عباس نے اپنے بیٹے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ نیوزی لینڈ کی ڈومیسٹک کرکٹ میں گزشتہ ڈھائی برس سے مسلسل اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں، جس کی بدولت انہیں قومی ٹیم میں جگہ ملی۔
اظہر عباس کا تعلق ضلع خانیوال کے ایک چھوٹے سے گاؤں روشن پور سے ہے۔ انہوں نے بتایا کہ محمد ارسلان عباس کی پیدائش کے بعد ہی ان کا خواب تھا کہ وہ اپنے بیٹے کو ایک کامیاب کرکٹر بنائیں، اور اپنی تمام تر محنت اور تجربہ اسے منتقل کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ "ہم ہیں تو پاکستانی، لیکن نیوزی لینڈ میں رہتے ہوئے یہاں سے کھیلنے کا موقع ملا۔"