پاکستان تحریک انصاف کے بانی و سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ اور سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کے صاحبزادے موسیٰ مانیکا شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔ شادی کی پر وقار تقریب لاہور کے پوش علاقے بیدیاں روڈ پر واقع خاور مانیکا کے فارم ہاؤس میں منعقد ہوئی، جس میں قریبی رشتہ داروں اور خاندان کے افراد نے شرکت کی۔
میڈیا ذرائع کے مطابق تقریب میں میاں احمد رضا مانیکا (ایم این اے)، میاں فاروق مانیکا (ایم پی اے)، میاں آصف مانیکا، اور سابق ایم پی اے دیوان عظمت سید محمد چشتی سمیت کئی اہم شخصیات موجود تھیں۔ ذرائع کے مطابق تقریب کو مکمل طور پر نجی اور محدود رکھا گیا، جس میں صرف چیدہ چیدہ افراد کو مدعو کیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ موسیٰ مانیکا، سابق سرکاری افسر خاور مانیکا کے بیٹے ہیں، جن کی بشریٰ بی بی سے 28 سال تک شادی رہی جو 2017 میں اختتام پذیر ہوئی۔ بعد ازاں، بشریٰ بی بی نے 2018 میں عمران خان سے نکاح کیا، جن سے ان کی پہلی ملاقات ایک مزار پر ہوئی تھی، جہاں روحانی رہنمائی کے لیے عمران خان نے رجوع کیا تھا۔
ماضی میں یہ خبریں بھی سامنے آئیں کہ بشریٰ بی بی نے عمران خان کی کامیابی کے حوالے سے روحانی پیش گوئی کی تھی جس میں کہا گیا کہ ان کی سیاسی بلندی شادی کے بعد ہی ممکن ہو سکے گی۔ موجودہ وقت میں سابق خاتون اول مختلف قانونی مقدمات میں ملوث ہیں اور اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔