پاکستانی اداکارہ کومل عزیز خان نے حال ہی میں ایک مارننگ شو میں دل کی بات کہہ کر اپنے مداحوں کو حیران کر دیا۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ انہیں سب سے زیادہ کس چیز سے ڈر لگتا ہے، تو انہوں نے بلا جھجک جواب دیا: "شادی"۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ عام زندگی میں کافی بہادر ہیں، چاہے وہ دھرنا ہو یا کاروباری مسائل، ہر چیلنج کا سامنا کر سکتی ہیں۔ لیکن شادی کا خیال انہیں ہراساں کر دیتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بچپن سے جو شادیاں اپنے اردگرد دیکھی ہیں، وہ اتنی متاثر کن نہیں تھیں کہ ان سے کوئی مثبت تاثر لیا جا سکے۔
کومل عزیز کے مطابق ان کی زندگی میں خودمختاری ہمیشہ اولین ترجیح رہی ہے۔ خود کمانا، خود فیصلے لینا، اور اپنی آزادی پر کسی قسم کی قدغن برداشت نہ کرنا ان کی زندگی کا اصول ہے۔ شادی کا فیصلہ تبھی کریں گی جب یہ واضح ہو جائے کہ ان کی خودمختاری محفوظ رہے گی۔
اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ ان کے دفتر میں کئی خواتین شادی کے بعد ملازمت چھوڑ چکی ہیں، جو ان کے لیے مستقل تشویش کا باعث ہے۔ تاہم، انہوں نے تسلیم کیا کہ ان کے گھر کا ماحول ایسا نہیں جہاں شادی کے بعد خواتین کو محدود کیا جائے، اس لیے وقت کے ساتھ ان کا خوف بھی کم ہوتا جا رہا ہے۔