رواں برس عازمین حج کیلئے پروٹوکولز جاری

سعودی عرب کے وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ کا کہنا ہے کہ سعودی عرب مہلک کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لئے رواں سال ہونے والے حج کے حوالے سے صحت کے متعدد سخت اقدامات اور پروٹوکول نافذ کرے گا۔ وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر محمد صالح کے ہمراہ مشترکہ ورچوئل پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر حج نے توقع کی کہ اس سال اس مرتبہ مقامی سطح پر عازمین کی تعداد 10 ہزار سے زیادہ نہیں ہوگی۔

انہوں نے تصدیق کی کہ سعودی ریاست کے باہر سے آنے والے کسی بھی حاجی کو اس سال حج کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔  ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا کہ حجاج کرام کی عمر 65 سال سے کم ہونی چاہیے اور اس کو کسی بھی دائمی بیماری میں مبتلا نہیں ہونا چاہیے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز حکام نے کہا تھا کہ حج، جو اسلام کے پانچ ستونوں میں سے ایک ہے اور اپنی زندگی میں کم از کم ایک بار مسلمانوں کے لیے ضروری ہے، کے لیے اس سال ریاست کے اندر سے صرف ’محدود تعداد‘ میں لوگوں کا خیرمقدم کیا جائے گا۔

ہر سال تقریبا 25 لاکھ عازمین مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں اسلام کے سب سے مقدس ترین مقامات پر تشریف لاتے ہیں۔ کورونا وائرس کو حاجیوں میں پھیلنے سے روکنے کے لیے وزارت حج اور عمرہ کے تعاون سے وزارت صحت نے تمام زائرین کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے منصوبہ تیار کیا ہے۔ وزیر حج و عمرہ کا کہنا تھا کہ ’ہم نے وزارت صحت کے ساتھ احتیاطی تدابیر اور پروٹوکول تیار کرنے کے لیے کام کیا ہے جو محفوظ حج سیزن کو یقینی بنانے کے لیے ضروری ہیں‘۔

انہوں نے حج کے لیے ان پروٹوکولز کو لازمی قرار دیا

  • حج کے لیے 10 ہزار سے زائد حاجیوں کو حج ادا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
  • تمام عازمین کا مقدس مقامات پر پہنچنے سے قبل ٹیسٹ کیا جائے گا۔
  • رواں سال 65 سال سے کم عمر افراد کو حج ادا کرنے کی اجازت دی جائے گی۔
  • تمام عازمین کو فریضہ حج ادا کرنے کے بعد خود کو قرنطینہ کرنے کا کہا جائے گا۔
  • تمام خادموں اور رضاکاروں کا حج کے آغاز سے قبل ٹیسٹ کیا جائے گا۔
  • عازمین کے صحت سے متعلق روزانہ نگرانی کی جائے گی۔
  • حج کے دوران کسی بھی ایمرجنسی صورتحال کے لیے ہسپتالوں میں تمام تر تیاری کی جائیں گی۔
  • سماجی دوری کے احکامات پر عمل درآمد کیا جائے گا۔