واشنگٹن۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گرین کارڈ کے اجرا ء اور غیر ملکی ملازمین کو ورک ویزا جاری کرنے پر عارضی پابندی لگادی جو رواں سال کے آخر تک عائد رہے گی۔نئے حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ مخصوص کیٹیگری میں جاری ہونے والے ورک ویزوں کا اجرا روک دیا گیا ہے جب کہ اس حکم نامے سے لاکھوں غیر ملکی ملازمین متاثر ہوں گے۔رپورٹس کے مطابق ایچ ون بی کیٹیگری میں ٹیکنالوجی فرمز میں کام کرنے والے اور دیگرغیر ملکی ملازمین متاثر ہوں گے۔
امریکی صدر کی جانب سے یہ پابندی رواں سال کے اختتام تک عائد کی گئی ہے۔دوسری جانب وائٹ ہاؤس کا اس اقدام پر کہنا ہے کہ امریکا کی معیشت بحال کرنے کے لیے مقامی افراد کو روزگار دیا جائے گا۔پریس بریفنگ میں انتظامیہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ نئی پالیسی سے 5 لاکھ 25 ہزار افراد جب کہ گرین کارڈ جاری کرنے کی مدت میں توسیع سے ایک لاکھ 70 ہزار افراد متاثر ہوں گے۔
امریکی صدر کے اس فیصلے سے ایچ ون بی کیٹیگری ویزے پر ٹیکنالوجی فرمز میں کام کرنے والے بھارتی سب سے زیادہ متاثر ہوں گے جب کہ پابندیوں کا اطلاق ایچ ٹو بی ویزا رکھنے والوں پر بھی ہوگا۔