امریکہ میں وزارت صحت کے حکام کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد کم از کم دو کروڑ تک ہو سکتی ہے۔
سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول (سی ڈی سی) کے کہنا ہے کہ اس وائرس سے متاثرہ شہریوں کی اس وقت کل تعداد معلوم تعداد سے دس گنا زیادہ ہونے کے امکانات ہیں۔
یہ اندازہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکہ کی آبادی کے لحاظ سے بڑی ریاست ٹیکساس نے متاثرین کی تعداد میں مسلسل اضافے اور ہسپتالوں میں مریضوں کے رش کی وجہ سے کاروبار زندگی بحال کرنے کا مرحلہ روک دیا ہے۔
اعدادوشمار کے مطابق اس وقت تک امریکہ میں اس وائرس سے 24 لاکھ لوگ متاثر ہو چکے ہیں جبکہ 122،370 افراد کورونا وائرس سے ہلاک ہو چکے ہیں۔
حالیہ دنوں میں کچھ جنوبی اور مغرب ریاستوں میں متاثرین کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
واشنگٹن یونیورسٹی کی پیش گوئی کے مطابق اکتوبر تک اس وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد مزید ایک لاکھ 80ہزارہو سکتی ہے۔ یونیورسٹی کا کہنا تھا کہ اگر 95 فیصد امریکی شہری ماسک پہنے رکھتے ہیں تو ایسی صورت میں یہ ہلاکتیں کم ہو کر 1لاکھ 46ہزارہو سکتی ہیں۔