امریکہ میں کورونا وائرس کے یومیہ مریضوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور گذشتہ روز ملک میں پہلی مرتبہ 50 ہزار سے زائد نئے مریض سامنے آئے جن میں تقریباً 10 ہزار ریاست کیلی فورنیا سے تھے۔
گذشتہ روز ملک میں کل 52982 نئے مریض سامنے آئے۔
کیلیفورنیا کے گورنر گیون نیوسم نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے لگائے جانے والے لاک ڈاؤن کے متعدد قواعد کا نفاذ کا دوبارہ آغاز کر دیا ہے جو ملک میں اس سے ریاست اور ملک کے دیگر حصوں میں اٹھایا جا رہا تھا۔
ریاست میں ریستورانوں کے اندر کھانا ممنوع ہو گا جبکہ سینما گھر، بارز اور عجائب گھر کم سے کم تین ہفتوں کے لیے بند رہیں گے۔
گورنر نیوسم کا کہنا تھا کہ ان کی جانب سے لگائی گئی پابندیاں چار جولائی کو چھٹی کے باعث لگائی گئی ہیں کیونکہ حکام کو خدشہ ہے کہ اس دوران بیماری کے پھیلاؤ میں تیزی سے اضافہ ہو سکتا ہے۔
امریکہ میں اب تک 26 لاکھ 82 ہزار سے زائد متاثرین سامنے آ چکے ہیں جبکہ ایک لاکھ 28 ہزار 28 ہلاکتیں بھی ہو چکی ہیں۔