بیجنگ(نیوز ڈیسک) دنیا کا پہلا مکمل طور پر شفاف (ٹرانسپیرنٹ) ٹی وی اس ماہ فروخت کیلئے پیش کیا جائے گا جسے شیاؤمی کمپنی نے بنایا ہے اور اسے ”مائی ٹی وی لکس“ کا نام دیا گیا ہے۔ بند ہونے کی صورت میں یہ شفاف شیشہ بن جاتا ہے اور کسی سائنس فکشن فلم کی کوئی ایجاد دکھائی دیتا ہے۔ اگر ٹی وی نہ چل رہا ہو تو اس کے آرپار دیکھا جاسکتا ہے۔
قبل ازیں سام سنگ اور ایل جی وغیرہ نے شفاف ٹی وی پیش کئے لیکن شیاؤمی کے مطابق یہ پہلا شیشہ ٹی وی ہے جو بڑے پیمانے پر تیار کیا جارہا ہے اور اس کی فروخت اگلے چند دنوں میں متوقع ہے۔ ٹی وی کی لمبائی 55 انچ ہے اور اس کا پورا پینل او ایل ای ڈی پر مشتمل ہے۔
ٹی وی سکرین کی موٹائی صرف 5.7 ملی میٹر ہے۔ ٹی وی بند ہوتے ہی کھڑکی کا شیشہ بن جاتا ہے۔ شیاؤمی کے مطابق اس کا سیاہ رنگ واضح اور سکرین بہت روشن ہے۔ ٹی وی سکرین ایک ارب سے زائد رنگ دکھاتا ہے۔ اس کا ریفریش ریٹ 120 یرٹز ہے اور ایک ملی سیکنڈ میں ٹی وی سکرین ریفریش ہوجاتا ہے۔
اس کا دس بٹ پینل مجموعی طور پر ہموار اور خوبصورت تصویر ظاہر کرتا ہے۔ اس طرح کے ٹی وی سکرین میں متحرک منظر دھندلا جاتے ہیں لیکن شیاؤمی کے ٹی وی میں یہ نقص موجود نہیں جس کی وجہ سے ٹی وی گیم کھیلنے کیلئے بھی بہترین ہے۔