اسلام آباد : وزارت خزانہ نے قومی بچت اسکیموں پر شرح منافع میں کمی کرکے پنشنرز بینیفٹ اکاؤنٹس کا منافع 11.52 فیصد سے کم کرکے 11.4 فیصد مقرر کردیا۔
تفصیلات کے مطابق وزارت خزانہ کی جانب سے مختلف قومی بچت اسکیموں کی شرح منافع میں کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس پر عمل درآمد 19 مئی سے ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شہدا فیملی ویلفیئر اکاؤنٹس اور پینشنرز بینیفٹ اکاؤنٹس کا منافع 11.52 فیصد سے کم کرکے 11.04 فیصد مقرر کردیا گیا ہے۔
وزارت خزانہ نے 10 لاکھ کے ریگولر انکم سرٹیفکیٹ پر ماہانہ منافع میں 600 روپے کمی کرکے 7200 کردی گئی ہے، اس سے پہلے ماہانہ منافع 7800 روپے مقرر تھا۔
وزارت خزانہ نے پانچ لاکھ کے شارٹ ٹرم سیونگ سرٹیفکیٹ پر سالانہ منافع میں پانچ سو روپے کمی کے بعد 37 ہزار سے کم کرکے 36 ہزار 500 روپے کردیا گیا۔
اسپیشل سیونگ اکاؤنٹس پر منافع 9.20 فیصد سے کم کرکے 9 فیصد کردیا گیا جب کہ ڈیفنس سیونگ سرٹیفکیٹس پر سالانہ منافع کی موجودہ شرح کو برقرار رکھا گیا ہے۔
وزارت خزانہ نے فیصلے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، فیصلے کا اطلاق آج 19 مئی سے ہوگا۔