لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فیصد اسپیشل الاؤنس بڑھانے کی منظوری دے دی، اسپیشل الاؤنس سرکاری ملازمین کی جون کی تنخواہوں میں شامل کیا جائے گا، بجٹ میں بھی سرکاری ملازمین کیلئے خوشخبری ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت خصوصی کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں صوبائی وزراء راجا بشارت، میاں اسلم اقبال، ہاشم جواں بخت، سید حسین جہانیاں گردیزی، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، فنانس سیکرٹری ودیگر حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں تنخواہ کے علاوہ دیگر الاؤنسز سے محروم سرکاری ملازمین کیلئے اسپیشل الاؤنس دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ کو تجویز پیش کی گئی کہ سرکاری ملازمین کو 10 سے 15 فیصد خصوصی الاؤنس دیا جائے۔
جس کو وزیراعلیٰ نے مسترد کرتے ہوئے سرکاری ملازمین کو25 فیصد اسپیشل الاؤنس دینے کی منظوری دے دی ہے۔ گریڈ ایک سے گریڈ 19 تک کے 7 لاکھ 21 ہزار سے زائد سرکاری ملازمین اسپیشل الاؤنس ملے گا۔
اسپیشل الاؤنس سرکاری ملازمین کی جون کی تنخواہوں میں شامل کیا جائے گا، اگلے ماہ جون سے ماہانہ پچیس فیصد الاؤنس دیا جائے گا۔
اس میں پہلے سے اسپیشل ایگزیکٹو الاؤنس لینے والے سرکاری ملازمین شامل نہیں ہوں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ سرکاری ملازمین حکومت کے دست وبازو ہیں، ان کا خیال رکھا جائے گا۔ بجٹ میں بھی سرکاری ملازمین کیلئے خوشخبری ہوگی۔