اسلام آباد:آڈیٹر جنرل نے انکشاف کیا ہے کہ کورونا وبا کیلئے دئیے گئے مالیاتی پیکج میں بے ضابطگیاں ہوئیں۔
تفصیلات کے مطابق کورونا وبا کے دوران 12 کھرب روپے سے زائد کے پیکج میں بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے اور آڈیٹرجنرل پاکستان نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وبا کیلئے دئیے گئے مالیاتی پیکج میں بے ضابطگیاں ہوئیں۔
آڈیٹر جنرل نے بتایا کہ کورونا وبا کے دوران آئی ایم ایف نے پاکستان کو 1ارب 38کروڑ ڈالر رقم فراہم کی تھی اور یہ رقم کورونا وبا کی روک تھام کیلئے پاکستان کی امداد کے طور پر فراہم کی گئی تھی جبکہ حکومت نے آئی ایم ایف شرائط پر کووڈ اخراجات کے آڈٹ کا فیصلہ کیا تھا۔
آڈیٹرجنرل کے مطابق آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی جانب سے رپورٹ مکمل کی جا چکی ہے، تاہم اے جی پی کو وزارت خزانہ کی جانب سے رپورٹ کی اشاعت سے روکا گیا ہے۔
وزارت خزانہ نے آڈیٹر جنرل کی خصوصی آڈٹ رپورٹ کو ڈسکس کرنے کیلئے وقت مانگا ہے، وزارت خزانہ سے تصدیق ہونے کے بعد خصوصی رپورٹ شائع کی جائے گی۔