سندھ ہائی کورٹ نے تمام پی ایچ ڈی ہولڈر سرکاری ملازمین کو ماہانہ 25 ہزار روپے الاؤنس دینے کا حکم دے دیا۔
سندھ ہائی کورٹ نے ڈاکٹر لیاقت علی ابڑو کی درخواست پرفیصلے میں کہا کہ چیف سیکریٹری 15 دن میں سمری وزیراعلیٰ سندھ کو ارسال کریں۔
درخواست گزار نے کہا کہ پی ایچ ڈی ہولڈرز میں کسی کو 25 ہزار تو کسی کو 10 ہزار دیے جا رہے ہیں۔
عدالت نے حکم دیا ہے کہ تمام سرکاری پی ایچ ڈی افسران کو ماہانہ 25 ہزار روپے الاؤنس دیا جائے۔ کسی محکمے کے پی ایچ ڈی ہولڈرز کے ساتھ امتیازی سلوک نہ کیا جائے۔ تمام محکموں کے افسران کو یکساں الاونس دیا جائے۔
عدالت میں سندھ حکومت نے موقف اختیار کیا کہ صرف یونیورسٹیز میں پی ایچ ڈی ہولڈرز کو 25 ہزار روپے الاؤنس دیا جارہا ہے۔ دیگر سرکاری پی ایچ ڈی ہولڈرز کو 10 ہزار روپے ماہانہ دیے جاتے ہیں۔
اس پر سندھ ہائی کورٹ نے کہا کہ ایسا امتیازی سلوک کیوں کیا جا رہا ہے؟ سندھ ہائی کورٹ نے حکم پر عمل درآمد کروا کر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔