بجلی صارفین کیلئے بڑا ریلیف

اسلام آباد : بجلی ایک ماہ کیلئے 84 پیسے فی یونٹ سستی ہونے کا امکان ہے ، نیپرا بجلی سستی کرنے کا فیصلہ 2 جون کو کرے گا۔

تفصیلات کے مطابق سینٹرل پاورپرچیزنگ ایجنسی نے نیپرا کو بجلی کی قیمتوں میں 84 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست دے دی ،درخواست میں کہا گیا ہے کہ اپریل میں بجلی کی فی یونٹ پیداواری لاگت 5.76 روپے رہی جبکہ اپریل میں بجلی کی پیشگی پیداواری لاگت6.60 روپےفی یونٹ تھی۔

نیپرا کا کہنا ہے کہ درخواست اپریل کے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دی گئی، نیپرا بجلی سستی کرنے کا فیصلہ 2 جون کو کرے گا۔

یاد رہے 7 مئی کو نیپرا نے مارچ کے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 64 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری دی تھی اور کہا کمی کا اطلاق صرف مئی کے مہینے کے بلوں پر ہوگا۔

نوٹیفیکیشن میں کہا گیا تھا کہ سی پی پی اے -جی نے61 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست کی تھی، اتھارٹی نے 28اپریل 2021 کو ایف سی اے پر عوامی سماعت کی تھی۔

نیپرا کا کہنا تھا کہ کمی کا اطلاق صرف مئی کے مہینے کے بلوں پر اور ڈسکوز کے تمام صارفین ماسوائے 300 تک یونٹ استعمال کرنے والے ، لائف لائن اور زرعی صارفین پر ہوگا.

اس کے علاقہ وہ صنعتی صارفین جو انڈسٹریل سپورٹ پیکج کا فائدہ لے رہیں ہیں ان کو منفی ایف سی اے کا فائدہ اضافی کم قیمت والے یونٹ پر نہیں ملے گا۔