اسلام آباد:پاکستان ریلوے نے تمام مسافر ٹرینوں کی نجکاری کرنے کافیصلہ کرلیا،مسافرٹرینیں آؤٹ سورس کرنے سے کرائے بڑھ جائیں گے۔
تمام بوجھ مسافروں پر پڑے گا،تیسرے مرحلے میں 64منافع بخش ٹرنیوں کی نجکاری کی جائے گی،تمام مسافر ٹرنیوں کی نجکاری کے لیے ریلوے بورڈ سے بھی منظوری نہیں لی گئی ہے۔
ترجمان ریلوے نے کہاکہ ریلوے کی آمدن بڑھانے اور عوام کوسہولت دینے کے لیے ٹرنیوں کی نجکاری کررہے ہیں ۔
دستاویزات کے مطابق پاکستان ریلوے نے تما م چلنے والی مسافر ٹرنیوں کوآؤٹ سورس کرنے کافیصلہ کرلیاہے پاکستان ریلوے نے کورونا کی پہلی لہر کے بعد تمام مسافرٹرینیں بندکردی تھیں اور کورونامیں کمی کے بعد 88مسافرٹرینیں دوبارہ شروع کردی تھیں جو کورونا سے قبل 130سے زائد تھیں جس پر پاکستان ریلوے کا کہناتھاکہ باقی ٹرنیں خسارہ میں چل رہی تھیں۔
پہلے مرحلے میں 15مسافر ٹرینوں آؤٹ سورس کرنے کا فیصلہ کیا تھا جن میں سے 3منافع بخش مسافر ٹرینیں نجی کمپنی چلارہی ہے جبکہ4خسارے میں چلنے والی ٹرینوں کونجی کمپنی نے 3ماہ کے اندر واپس کر دیاجبکہ منافع میں چلنے والی ٹرینوں کواپنے پاس رکھا۔
اس کے بعد دوبارہ 15 ٹرینوں کو آؤٹ سورس کرنے کااشتہار دیاگیاجن میں سے 5ٹرینوں کے آؤٹ سورس کی منظوری دے دی گئی ہے جو ابھی نجی کمپنی کے حوالے نہیں کی گئی ہیں۔
تیسرے مرتبہ ریلوے نے تمام منافع میں چلنے والی مسافر ٹرینیں آؤٹ سورس کرنے کا فیصلہ کیا ہے جن میں کامیاب ترین اور منافع میں چلنے والے ٹرینیں بھی شامل ہیں۔جن 32 مسافرٹرینوں کوکہ اپ اینڈ ڈاؤن کوملاکر64بن جاتی ہیں ان میں وی آئی پی ٹرین گرین لائن،خیبرمیل،تیزگام،علامہ اقبال،ہزارہ ایکسپریس،عوام ایکسپریس،کراچی ایکسپریس،ملت ایکسپریس،بہاؤالدین ذکریہ ایکسپریس،شالیمارایکسپریس،پاک بزنس ایکسپریس،جعفرایکسپریس،قراقرم ایکسپریس،شاہ حسین ایکسپریس،پاکستان ایکسپریس،رحمان بابا ایکسپریس،سبک رفتار،سیک خرام،راول ایکسپریس،اسلام آبادایکسپریس،غوری ایکسپریس،موسیٰ ایکسپریس،لاثانی ایکسپریس،کوہاٹ ایکسپریس،میانوالی ایکسپریس،اٹک پسنجر،جنڈ پسنجر،منجودوڑو،شاہین پسنجر،راولپنڈی پسنجراور چمن پسنجرشامل ہیں۔
وزارت ریلوے کے مطابق جو ٹرینیں کورونا کی پہلی لہرکے بعد بحال کی گئی ہیں وہ منافع بخش ٹرینیں ہیں جو خسارے میں چل رہی تھیں ان کوبند کردیاہے۔
اب ریلوے نے منافع میں چلنے والے مسافرٹرینوں کی بھی نجکاری کرنے کافیصلہ کرلیاہے جبکہ ریلوے میں مسافر ٹرینوں کے کمرشل مینجمنٹ دیکھنے کے لیے ہزاروں کی تعدا دمیں ملازمین کام کررہے ہیں مسافرٹرینوں کی نجکاری سے آان لائن بکنگ کی سہولت ختم ہوگئی ہے اور مزید ٹرینوں کی نجکاری سے یہ سہولت تمام ٹرینوں میں ختم ہوجائے گی۔