اسلام آباد /لاہور: یکم جولائی سے فلورملز پر ٹرن اوور ٹیکس 1.25 فیصد ہونے سے 20 کلو آٹے کا تھیلا 30 روپے مہنگا ہونے کا خدشہ ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق قومی اسمبلی میں پیش کیے گئے آئندہ مالی سال کے فنانس بل میں فلور ملز کے لئے ٹرن اوور ٹیکس میں دی گئی رعایت ختم کردی گئی ہے، جس کے بعد ٹیکس بڑھنے سے 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 30 روپے اضافے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
آئندہ مالی سال کے فنانس بل کے مطابق آٹے کی تیاری میں استعمال ہونے والی مشینری کی امپورٹ پر سیلز ٹیکس کی شرح 10 فیصد سے بڑھا کر 17 فیصد اور آٹے سے نکلنے والے چوکر پر سیلز ٹیکس کی شرح 7 فیصد سے بڑھا کر 17 فیصد کردی گئی ہے، جب کہ یکم جولائی سے فلورملز کی آمدن پر ٹرن اوور ٹیکس ریٹ 0.25 فیصد کی بجائے 1.25 فیصد ہوگا۔
دوسری جانب چیئرمین فلورملز ایسوسی ایشن عاصم رضا نے فنانس بل میں ایف بی آر کی نادانستہ غلطی یا سوچے سمجھے ٹیکس اضافہ کی تصدیق اور صورتحال کی نشاندہی کیلئے وفاقی وزیر خزانہ کو خط ارسال کردیا ہے۔
چیئرمین فلورملز ایسوسی ایشن نے خط میں کہا ہے کہ فنانس بل میں ممکنہ غلطی کی وجہ سے فلورملز کو کم سے کم ٹرن اوور ٹیکس کے شیڈول سے خارج کردیا گیا، رواں مالی برس میں فلورملز پر 0.25 فیصد ٹرن اوور ٹیکس عائد ہے، جب کہ قومی اسمبلی میں پیش کردہ فنانس بل میں فلور ملز کو موجودہ شیڈول سے نکال دیا گیا ہے، اور یکم جولائی سے فلور ملز پر ٹرن اوور ٹیکس 1.25 فیصد ہوجائے گا، اور ٹیکس میں اضافے کی صورت میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا مزید 30 وپے مہنگا ہوگا، وفاقی وزیر خزانہ فنانس بل میں ہونے والی غلطی کی درستگی کر کے آٹا مہنگا ہونے سے بچائیں۔