اسلام آباد:وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ عوام پر بوجھ نہیں ڈالیں گے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم رکھی جائیں گی۔
تعمیراتی صنعت کیلئے ایمنسٹی سکیم میں توسیع کیلئے آئی ایم ایف سے رجوع کر رہے ہیں۔
ایک انٹرویو میں وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ بڑی تحقیقات اور محنت کے بعد بہترین بجٹ بنایا ہے منی بجٹ تب آتے ہیں جب بجٹ سوچ کر نہ بنایا جائے۔امید رکھتے ہیں بجٹ میں طے کئے گئے خدوخال مکمل کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پرپٹرول قیمتیں گریں گی توپٹرول لیوی رکھنا شروع کریں گے۔
انہوں نے کہاکہ سعودی عرب سے رعایتی قیمت پر تیل جلد ملنا شروع ہو جائے گا، امید ہے پٹرولیم لیوی میں اضافے کی ضرورت نہیں پڑے گی، ایران پر سے پابندیاں اٹھیں گی تو تیل کی قیمتیں گر جائیں گی۔
شوکت ترین نے کہا کہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کا تحفہ مسلم لیگ ن دے کر گئی، ماضی کی ادائیگیاں نہ کرتے تو ملک دیوالیہ ہوجاتا، ٹیک وصولیوں کے بارے میں مفتاح اسماعیل کے اندازے غلط ہیں لیکن انہیں بجٹ اچھا کہنے پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ آئی ایم ایف کے کہنے پربجلی کے نرخ نہیں بڑھائیں گے، بڑے بینکوں سے قرضے لیکر چھوٹے بینکوں کودیں گے، چھوٹے بینکوں کے ذریعے کسانوں کو قرضے فراہم کیے جائیں گے، آسان شرائط پر قرضے ملنے سے کسانوں کو فائدہ ہوگا۔