تاریخ میں پہلی بار پاکستانی آموں کی براہ راست پہلی کھیپ چین پہنچ گئی۔
ذرائع کے مطابق 18 ٹن سندھڑی آموں کی کھیپ چارٹرطیاروں کے ذریعے لاہور سے چین کے شہر لان چو شہر پہنچائی گئی۔
بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے کے کمرشل کونسلر بدر الز زمان نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک بہت تاریخی دن ہے کیونکہ چین میں پاکستانی آم کی زبردست مانگ تھی اور لان چو نے اس خواب کو حقیقت میں بدل دیا۔
وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت رزاق داود کا اس حوالے کہنا ہے کہ ہمارے معیاری آم کے لئے ، چین ایک ترقی کرتی ہوئی مارکیٹ ہے۔ میں اپنے پھلوں کے برآمد کنندگان کو چین میں وسیع مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ترغیب دیتا ہوں۔
خیال رہے کہ پاکستانی آم اپنی لذت، ذائقے اور خوشبو کے حوالے سے پوری دنیا میں الگ پہچان رکھتا ہے۔
سندھڑی آم بنیادی طور پر صوبہ سندھ کی سوغات ہے جو میرپورخاص، حیدرآباد، ٹنڈو الہ یار اور مٹیاری کے اضلاع ہیں زیادہ ہوتا ہے، اسی مناسب سے اس کا نام سندھڑی پڑا۔
درآمدات کی ناکافی سہولیات کے باوجود یہ ملکی سوغات یورپ، کینیڈا، امریکہ، جاپان اور خلیجی ممالک سمیت 40 ممالک کو ایکسپورٹ کی جاتی ہے۔ سندھڑی پاکستانی آموں میں ایک نمایاں مقام رکھتا ہے۔