اسلام آباد:وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں بارے وزیراعظم فیصلہ کریں گے تاہم پٹرول کی قیمت میں 2فیصد اضافے سے طوفان نہیں آجائے گا۔
ہم نے غریبوں کو تحفظ دینا ہے ان کو ڈائریکٹ سبسڈی دیں گے اشیائے خوردونوش کی قیمتیں نیچے لانے کی کوشش کریں گے۔
یوٹیلٹی سٹورز کی تعداد بڑھائیں گے پورے ملک میں 5 ہزار منڈیاں بنائیں گے۔
ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہاکہ ہم مڈل کلاس کو فائدہ دینے کی کوشش کررہے ہیں مہنگائی حکومت کی زیادتی نہیں ہے سارا ملبہ اس حکومت پر ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
دنیا بھر میں فوڈ پراسسز زیادہ ہیں ہم فوڈ پراسسز نیچے لانے کی پوری کوشش کریں گے۔ ہم نے گاڑیوں کی قیمتیں کم کردی ہیں غریب طبقے کو ہرممکن ریلیف دینے کی کوشش کررہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ زراعت پر کسی نے توجہ نہیں دی سب چیزیں درآمد کرتے ہیں ہم چاہ رہے ہیں کہ ہماری پیداوار میں اضافہ ہو۔
کسان سے لے کر ہول سیلز تک لے جانے والے مڈل مین کا کمیشن کم کریں گے پورے ملک میں 5 ہزار منڈیاں بنائیں گے۔ دو سے تین ماہ میں اسٹرٹیجک ریزرو تیار کرلیں گے۔