پنشن اور تنخواہ پرکتنا ٹیکس عائد ہوا ہے؟ ایف بی آر کی وضاحت 

 اسلام آباد:فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے بجٹ میں تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس تجاویز پر وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیکس تجاویز میں پنشن اور تنخواہ پر کوئی ٹیکس نہیں عائد کیا گیا۔

ایف بی آر کے مطابق ٹیکس چھوٹ کی واپسی اور کم شرح کو نئے ٹیکس عائد ہونا نہ سمجھا جائے۔

ایف بی آر کے مطابق ٹیکس تجاویز میں پنشن اور تنخواہ پر کوئی ٹیکس نہیں عائد کیا گیا ہے، انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کے دوسرا شیڈول حصہ اول شق 19 حذف کی گئی۔

ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ شق کے تحت ادارے کی طرف سے ملازم کو خرچے کی واپسی پر چھوٹ دی گئی تھی، خبر میں شائع کردہ 1.82 ارب کے ریونیو حصول کے اعداد و شمار گمراہ کن ہیں۔

حکام کے مطابق پنشن، گریجویٹی، ایل پی آر، پنشن کی کمیوٹیشن اور دوسرے فوائد پر ٹیکس تجویز نہیں ہے۔