لاہور: پاکستان کے پہلے موبائل فون اسمبلی پلانٹ نے کام کا آغاز کردیا۔
مقامی سطح پر تیاری کے بعد 15 ہزار سے 18 ہزار تک ملنے والا فون صرف 7 ہزار 300 روپے میں تیار ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں پاکستان کے پہلے موبائل فون اسمبلی پلانٹ نے کام شروع کردیا ہے جہاں مختلف کمپنیوں کے ماہانہ 10 لاکھ تک موبائل فونز اسمبل ہوتے ہیں۔
کوٹ لکھپت انڈسٹریل ایریا میں قائم کیے گئے نجی کمپنی کے یونٹ میں 3 مختلف کمپنیوں کے موبائل فونز اسمبل ہورہے ہیں، پلانٹ کی طویل اسمبلی لائنز کے اطراف موجود سینکڑوں ورکرز ماہانہ 9 سے 10 لاکھ موبائل فونز اسمبل کررہے ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ اسمبلنگ کے بعد موبائل فون کو سخت ترین ٹیکنیکل ٹیسٹ سے بھی گزارا جاتا ہے، مقامی سطح پر تیاری کے بعد 15 ہزار سے 18 ہزار تک ملنے والا فون صرف 7 ہزار 300 روپے میں تیار ہوگا جب کہ گزشتہ مالی سال کے دوران موبائل فونز کی درآمدت پر 1 ارب 31 کروڑ 10 لاکھ ڈالرز کا زرمبادلہ خرچ ہوا۔
تاہم اب حکومتی پالیسی میں نرمی اور غیر ملکی کمپنیوں کی موبائل فون صنعت میں سرمایہ کاری سے پاکستان کا اربوں روپے کا درآمدی بل کم ہوگا جب کہ پلانٹ میں 7 اسمبلی لائینز کی کھپت اور ود ہولڈنگ ٹیکس میں چھوٹ سے مقامی سطح پر فونزکی تیاری ہوگی، جس سے روزگار کے مواقع پیدا ہورہے ہیں۔