کراچی:پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے ٹرن اوور ٹیکس اور چوکر پرسیلز ٹیکس عائد کرنے کے خلاف 23 جون کو آٹے کی سپلائی بند اور 30 جون سے ملک بھر کی فلور ملوں کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان فلورملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین چوہدری محمد یوسف نے پریس کانفرنس میں ٹیکس عائد کئے جانے پر احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ 23 جون سے آٹے کی سپلائی بند کردیں گے جب کہ 24 جون سے دو روزہ ٹوکن ہڑتال کی جائے گی۔
چیئرمین چوہدری محمد یوسف نے حکومت پر واضح کیا ہے کہ اگر ٹوکن ہڑتال کے باوجود مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو ملک بھر کی فلورملیں 30 جون سے غیرمعینہ مدت کے لیے ہڑتال پر چلی جائیں گی۔
ملک میں کبھی بھی چوکر پر سیلز ٹیکس عائد نہیں کیا گیا لیکن رواں بجٹ میں چوکر پر 17 فیصد سیلز ٹیکس عائد ہونے سے آٹے کی قیمت میں 5 روپے فی کلو اضافہ ہوجائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ فلور ملوں پر ٹرن اوور ٹیکس کی شرح بھی 0.2 سے بڑھا کر 1.25 فیصد کردی گئی۔ ان ٹیکسوں سے عام آدمی کی جیب پر بوجھ بڑھ جائے گا اس لیے یہ ٹیکس فی الفور واپس لیئے جائیں۔
ایک سوال کے جواب میں چوہدری یوسف نے بتایا کہ مقامی ضروریات پوری کرنے کے لیے اگست میں فوری طور پر 30 سے 40 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنا ضروری ہے کیونکہ ملک میں آٹے کی سالانہ کھپت 30 ملین ٹن تک پہنچ گئی ہے۔