ایک لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کرنے کیلئے ٹینڈر کی منظوری  

اسلام آباد: وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی)کے اجلاس میں ایک لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کرنے کیلئے ٹینڈر کھولنے کی منظوری دیدی گئی ہے جبکہ  کپاس کی قیمت کے تعین کیلئے فوڈ سکیورٹی ڈویژن کو 15 روز میں تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پیر کے روز وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی)کا اجلاس ہوا اجلاس میں پٹرولیم ڈویژن، فنانس ڈویژن اور پی ایس او کو نیشنل شپنگ کارپوریشن کے واجبات کی ادائیگی اور پاور اور فنانس ڈویڑن کو نیٹ ہائیڈل پرافٹ کی ادائیگی کیلئے دو ہفتوں میں حل پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔

 اجلاس میں یوٹیلٹی اسٹورز پر 5 اشیاء  پر سبسڈی کی مدت میں 15 دن کیلئے توسیع کی منظوری دی گئی،ایوی ایشن ڈویژن کیلئے 10 ملین تکنیکی،این ایس ایس پی کیلئے 73.87 ملین پاکستان اکیڈیمی آف رورل ڈویلپمنٹ کیلئے 20.70 ملین تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹ منظور کی گئی ہے۔

 جبکہ بین الصوبائی کوآرڈینیشن ڈویڑن کیلئے 16.70 ملین داخلہ ڈویژن کی ایف سی بلوچستان کیلئے ایک ارب ایک کروڑ کی  ایف بی آر کو ادائیگیوں کیلئے 45.66 کروڑ روپے کی خارجہ امور کیلئے 2 ارب روپے کی  اورافسران کیلئے ڈسپیریٹی  پررڈکشن الاؤنس کی مد میں ایک ارب روپے کی گرانٹ منظور دی گئی ہے۔