کراچی: پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر پہلی بار 25 ارب ڈالر سے تجاوز کرگئے۔
اسٹیٹ بینک کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق 16 جولائی کو پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 25 ارب ڈالر سے تجاوز کرگئے تھے جس میں 18 ارب ڈالر کے ذخائر اسٹیٹ بینک کے پاس موجود ہیں۔
آخری بار اسٹیٹ بینک کے ذخائر اس سطح پر جنوری 2017 کو تھے جو ساڑھے چار سال کی بلند ترین سطح ہے۔
کمرشل بینکوں کے پاس 7 ارب ڈالرز کے زرمبادلہ کے ذخائر موجود ہیں۔
اعلامیے کے مطابق پچھلے ہفتے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو یورو بانڈز کی فروخت پر 1 ارب ڈالر سے زائد کی رقم موصول ہوئی تھی اور بیرونی قرضوں کی ادائیگی کے بعد مرکزی کے ذخائر میں ساڑھے 84 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔