اسلام آباد : وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر کا کہنا ہے کہ پاکستان رواں سال بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کی تیاری شروع کردے گا، اس سلسلے میں چارجنگ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کا کام شروع کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں الیکڑک کاروں کی چارجنگ اور دیگرامور سے متعلق تقریب کا انعقاد کیا گیا ، وفاقی وزیرحماداظہر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا حکومت نے گزشتہ سال الیکٹرک وہیکل پالیسی تیار کی ، جس میں ٹیکس مراعات دیں۔
حماداظہر کا کہنا تھا کہ مقامی طور پر اس سال سے بجلی سے چلنے والی گاڑیاں تیار ہوں گی، اس شعبے میں چارجنگ انفراسٹرکچرکلیدی حیثیت رکھتا ہے، جس کے لئے نجی شعبے نے چارجنگ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کا کام شروع کردیا ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ چارجنگ پالیسی جلد کابینہ کے سامنے پیش کی جائے گی، یہ صاف فیول مستقبل کی ضرورت ہے۔
لوڈشیڈنگ کے حوالے سے انھوں نے کہا ایران میں بجلی کی کمی سے ساحلی علاقوں گوادر تربت اور مکران ریجن میں لوڈشیڈنگ ہورہی ہے کیونکہ گوادر تربت اور مکران ریجن کا دارومدار ایران سے درآمد بجلی پر ہے جبکہ گوادر تربت اور مکران ریجن نیشنل گرڈ سے منسلک نہیں۔
حکومت نے معاملہ ایران کے ساتھ اٹھایا ہے، ایران سےبجلی کی فراہمی معمول پرلانے کی درخواست کی ہے،ساحلی علاقوں کو نیشنل گرڈ سےمنسلک کرنے پرکام جاری ہے، نیشنل گرڈ سےمنسلک کرنے کے لئے طویل ٹرانسمشن لائن درکارہے ، ترسیلی لائن کا منصوبہ 2سال میں مکمل ہوجائے گا۔