سی این جی کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ واپس

اسلام آباد : سی این جی کی قیمت یکم اگست والے ریٹس کی سطح پر واپس آگئی، گذشتہ روز پنجاب اور سندھ میں سی این جی کی قیمت میں اضافہ کیا گیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق اوگرا نے گزشتہ روز جاری کردہ ایل این جی گیس کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفیکیشن واپس لے لیا ہے، جس کے بعد سی این جی کی قیمت یکم اگست والے ریٹس کی سطح پر واپس آگئی ہے۔

یاد رہے پنجاب اور سندھ میں سی این جی کی قیمت میں اضافہ کیا گیا تھا ، ذرائع کا کہنا تھا کہ روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت بڑھنے کے باعث یہ اقدام اٹھایا گیا۔

پنجاب میں سی این جی کی قیمت 5روپے اضافے کے بعد 112 روپے فی لیٹر اور سندھ میں سی این جی کی نئی قیمت 150 روپے فی لیٹر ہوگئی تھی۔

چیئرمین آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن غیاث پراچہ نے سی این جی کی قیمت میں اضافے کو مسترد کردیا تھا۔

خیال رہے گزشتہ ماہ بکراچی سمیت سندھ بھر میں سی این جی کی قیمتوں میں17 روپے کا اضافہ کیا گیا تھا ،جس سے سی این جی کی قیمت 140 روپے تک پہنچ گئی تھی۔