اسلام آباد:وزیرخزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ حکومت آٹوانڈسٹری کی توسیع کے بارے میں ایک جامع پالیسی وضع کر رہی ہے۔
منگل کے روز اسلام آباد میں جنوبی کوریا کے سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ پالیسی کا مقصد کار، موٹرسائیکل اور ٹریکٹر کی پیداوار میں اضافہ کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی لینے والے غیرملکی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کرنے اور انہیں مراعات دینے کا عزم کیا ہوا ہے۔
شوکت ترین نے کہا کہ موثر وسائل کو متحرک کرنے اور صنعتی ترقی کے ذریعے کورونا وائرس کی وبا سے متاثرہ تجارتی و صنعتی شعبوں کی بحالی کے بارے میں حکومت پرعزم ہے۔
وزیر خزانہ نے سم سنگ کی جانب سے پاکستان میں موبائل تیار کرنے کی منصوبے کو خوش آئند قرار دیا اور کمپنی کو ساری سہولتیں فراہم کرنے کا وعدہ کیا۔
انہوں نے کوریا کو برآمدات میں اضافے کی خواہش ظاہر کی۔
کوریا کے سفیر نے کہا کہ کوریا کی کمپنیاں پاکستان میں تاجرتی ماحول سے مطمئن ہیں اور پاکستان میں پن بجلی پیدا کرنے کے شعبے میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے کے مواقع موجود ہیں۔