وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا ہے کہ حکومت کی معاشی پالیسیاں بہتر ہوں گی تو سرمایہ کاری ہو گی۔
کراچی میں تاجروں اور سرمایہ کاروں سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا تھا کہ بجٹ میں تاجروں کو سہولیات دی گئی ہیں، حکومت تاجروں کے مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں کمیٹیوں پر یقین نہیں رکھتا، اسٹیٹ بینک کے حکام سے ملاقات کے بعد آپ کے پاس آیا ہوں، حکومتی معاشی پالیسیاں بہتر ہوں گی تو سرمایہ کاری ہو گی۔
شوکت ترین کا کہنا تھا کہ تاجروں کو مطمئن کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، حکومت تاجروں کے مفاد میں اپنی معاشی پالیسیاں بہتر بنائے گی، معاشی بہتری کے لیے حکومت نے مختصر اور طویل مدتی منصوبے بنائے ہیں۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ سرمائے کا کوئی مذہب، جغرافیائی حد نہیں، سرمایہ کار کو جہاں منافع نظر آتا ہے وہاں کا رخ کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں پاکستان نے کئی ملکوں کی معیشت کی بہتری کے لیے تعاون کیا، آئی ایم ایف پروگرام اور مالی مسائل کے سبب ہم سارے مسائل حل نہ کر سکے۔