سول ایوی ایشن نے پی آئی اے کی ائیرپورٹ سروسز روک دیں

سول ایوی ایشن اتھارٹی اور پی آئی اے میں رقم کی عدم ادائیگی پر تنازع پیدا ہوگیا جس کےبعد سی اے اے نے قومی ائیرلائن کی ائیرپورٹ سروسز روکنے کا فیصلہ کرلیا۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر فنانس نے پی آئی اے کی ائیرپورٹ سروسز روکنےکا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہےکہ پی آئی اے کی جانب سی اے اے کے 127 ارب روپے واجب الادا ہیں، وعدے کے باوجود پی آئی اے نے ماہانہ 25 کروڑ روپے کی اقساط ادا نہیں کیں۔

نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہےکہ سی اے اے پی آئی اے کو یکم نومبر سے مسافروں کو جہاز میں سوارکرنے کے لیے بریج نہیں دے گی اور نہ ہی پی آئی اے جہاز کے لیے پاور سپلائی حاصل کرسکے گی۔

اس کے علاوہ سول ایوی ایشن نے پی آئی اے پر مسافروں سے ائیرپورٹ چارجز وصول کرنے پر بھی پابندی عائد کردی جس کے بعد سول ایوی ایشن اتھارٹی یکم اکتوبر سے مسافروں سے خود ائیرپورٹ سروس چارجز وصول کرے گی۔