اسلام آباد: ایل پی جی کی قیمت میں 20 روپے فی کلواضافہ کر دیا گیا اور اکتوبر میں ایل پی جی کی قیمت میں مزید اضافے کا امکان ہے۔
حکومت ایل پی جی کی قیمتیں کنٹرول کرنے میں مکمل ناکام ہوگئی ہے اور ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں نے اوگرا نوٹیفکیشن کے بغیر ایل پی جی کی قیمت میں اضافہ کیا، ایل پی جی کی قیمت میں 20 روپے فی کلواضافہ کیا گیا ہے جب کہ ذرائع کا کہنا ہے کہ اکتوبر میں ایل پی جی کی قیمت میں مزید اضافے کا امکان ہے۔
ایل پی جی کی قیمت میں اضافے کے بعد ایل پی جی 175 روپے فی کلو سے بڑھ کر 195 روپے فی کلو ہوگئی، گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 236 روپے کے اضافے کے بعد گھریلو سلنڈر2060 سے بڑھ کر 2300 کا ہوگیا۔ جب کہ کمرشل سلنڈر کی قیمت میں 908 روپے کا اضافہ ہوا اور کمرشل سلنڈر 7925روپے سے بڑھ کر8853 روپے ہو گیا۔
دوسری جانب گلگت بلتستان اورپہاڑی علاقوں میں ایل پی جی کی قیمت 225روپے فی کلو ہو گئی، گلگت بلتستان اور پہاڑی علاقوں میں گھریلو سلنڈر 2655 اور کمر شل سلنڈر 10215روپے میں دستیاب ہوگا۔