95 سالہ شخص کی گردن میں 77 سال سے گولی کی موجودگی کا انکشاف

چین میں ایک 95 سالہ شخص کے گردن میں گزشتہ 77 سال سے گولی پھنسنے کے باوجود وہ صحت مند زندگی گزار رہا ہے۔

یہ حیرت انگیز واقعہ چین میں سامنے آیا جہاں 95 سالہ شحص زاؤ کی گردن میں 77 سال سے ایک گولی موجود ہے جس کا اس شخص کو کبھی پتا ہی نہیں چلا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق سابق چینی فوجی زاؤ گزشتہ دنوں گھر کی بالکونی سے نیچے گرے، جس کے باعث انہیں گردن میں تکلیف محسوس ہوئی، بعد ازاں گھر والے انہیں ڈاکٹر کے پاس لے گئے۔

اسپتال میں ڈاکٹر نے جب سابق چینی فوجی کا ایکسرے کیا تو معلوم ہوا کہ ان کی گردن میں بندوق کی ایک پرانی گولی پھنسی ہوئی ہے۔

جس کے بعد زاؤ نے ڈاکٹر کو بتایا کہ اس نے نوعمری میں ہی چینی فوج میں شمولیت اخیتار کرلی تھی، جہاں انہوں نے دو عظیم جنگیں لڑی تاہم جاپانی فوجیوں کی خلاف جنگ لڑتے ہوئے شدید چوٹیں آئیں لیکن کبھی گردن میں اس گولی کے بارے میں کچھ یاد نہیں۔

تاہم زاؤ نے کہا کہ مجھے صرف اتنا یاد ہے کہ 1944 میں جنگ کے دوران ایک زخمی ساتھی کو دریا کے پار لے جاتے ہوئے  میں شدید زخمی ہوگیا تھا، میرے جسم پر اب بھی چھروں کے نشانات موجود ہیں۔اس لیے میرا اندازہ ہے کہ یہ گولی شاید  دریا پار کرتے ہوئے ہی گردن میں لگی تھی۔

زاؤ کا خیال ہے کہ گولی مبینہ طور پر ناک کی  بائیں جانب سے اندر گئی اور  اوپری جبڑے پر  سوراخ کرتی ہوئی گردن میں داخل ہونے سے پہلے دانتوں سے باہر نکل گئی تھی۔

ڈاکٹروں نے ایکسرے کا معائنہ کرنے کے بعد زاؤ  اور ان کے اہل خانہ کو بتایا کہ گولی خون کی کچھ بڑی شریانوں کے قریب ہے اور چونکہ اس سے زاؤ کو اب تک کوئی پریشانی نہیں ہوئی اس لیے اسے گردن میں چھوڑ دینا ہی بہتر ہے