آئی فون سوا سال کہاں غائب رہا

پورٹس ماؤتھ: ایک خاتون کا آئی فون اس وقت سمندر میں گرگیا تھا جب وہ پیڈل سے چلنے والی ایک کشتی میں سوار تھی تاہم آئی فون 8 پلس ایک واٹر پروف تھیلی میں بند تھا۔

36 سالہ کلیئر ایٹفیلڈ کو اپنے پسندیدہ فون کے گم ہونے پر افسوس تھا۔ لیکن کل 460 دن بعد ساحل پر چہل قدمی کرنے والے شخص نے یہ فون دیکھا تو اس وقت بھی کام کر رہا تھا۔ اسے چارج کرنے کے بعد اس شخص نے فون بک میں رابطہ کیا اور خاتون کو سوا سال بعد فون دوبارہ مل گیا۔ تاہم خاتون نے بتایا کہ وہ فون سے بالکل مایوس ہوچکی تھیں۔

سات نومبر کو برطانیہ کے شہر پورٹسماؤتھ کے مشہور ایسٹنی ساحل سے یہ فون دوبارہ ملا ہے جو بہترین حالت میں تھا اور چارج کےبعد دوبارہ بحال ہوگیا۔ تاہم اپریل 2021 کو پانی میں ڈوبنے والے پلاسٹک بیگ میں خاتون کے بینک اور کریڈٹ کارڈ بھی موجود تھے اور ان سے بھی اصل مالک کے شناخت میں مدد ملی تھی۔

کلیئر نے کہا کہ جب مہربان شخص نے انہیں فون واپس کیا تو وہ اسے دیکھ کر حیران رہ گئیں اور سب سے بڑی خوشی یہ تھی کہ وہ بالکل درست حالت میں کام کررہا تھا اور ڈیٹا محفوظ تھا۔