درپیش صورتحال اور محاصل کے اہداف

فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے نان ٹیکس فائلرز کے خلاف اقدام کے طور پر ان کی 5 لاکھ 6 ہزار 671 موبائل سمیں بلاک کر دی ہیں‘ اس بحث میں پڑے بغیر کے سم بلاک ہونے پر کیا مشکل پیش آئے گی اور کیا نہیں‘ کسی بھی ریاست میں ٹیکس نظام ملکی انتظامی مشینری کے آپریشن کیلئے ناگزیر ہوتا ہے‘ وطن عزیز میں اس کی ضرورت دوسروں کے مقابلہ میں زیادہ ہے اس کی وجہ یہ ہے کہ ملک کھربوں روپے کے بیرونی قرضوں تلے دبا ہے جن کے حجم میں کسی کمی کا امکان تو ایک طرف وقت کے ساتھ مسلسل اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے‘ اس حوالے سے اعداد و شمار پر خود وزیراعظم شہباز شریف ایک سے زائد مرتبہ تشویش ظاہر کر چکے ہیں۔ قرضوں کے انبار میں اضافے کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا ہے جس میں سٹیٹ بینک نے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ سے قرض پروگرام کی آخری قسط ملنے کی تصدیق کی ہے‘ اس قسط کا حجم ایک ارب دس کروڑ ڈالر ہے‘ اس پر بات ختم نہیں ہو رہی دوسرے قرض پروگرام کیلئے کاروائی شروع ہو چکی ہے۔ ملک ایک عرصے سے اقتصادی شعبے میں شدید دشواریوں کا سامنا کر رہا ہے ان دشواریوں میں ایک کے بعد دوسرا قرضہ اٹھانا معمول بن چکا ہے اس صورتحال کا ذمہ دار کون ہے اور کون نہیں کی بحث میں الجھے بغیر اصلاح احوال کی کوششوں میں ضرورت بدانتظامی پر قابو پانے کی بھی ہے اس میں گردشی قرضوں کی وجوہات پر جانا بھی ضروری ہے ساتھ ہی اس منظر نامے میں مارکیٹ کے اندر مصنوعی مہنگائی‘ ذخیرہ اندوزی اور انسانی صحت کیلئے مضر ملاوٹ کا خاتمہ بھی ناگزیر ہے‘ دوسری جانب محاصل سے متعلق اہداف تک پہنچنے کیلئے صرف ایف بی آر نہیں بلکہ مرکز اور صوبوں کے تمام اداروں میں خصوصی انتظامات کرنا ہونگے‘ مدنظر رکھنا ہو گا کہ اگر ملک کے اندر محاصل اہداف کے مطابق بروقت نہیں جمع ہوتے تو پھر سارا انحصار قرضوں پر ہی چلا جائیگا‘ اس ضمن میں ضروری یہ بھی ہے کہ ریونیو جمع کرنیوالے اداروں کی ضروریات کا بھی بھرپور احساس کیا جائے تاکہ انہیں اپنے کام میں آسانی ہو۔ 
پیشگی انتظامات کی ضرورت
خیبر پختونخوا حکومت نے میٹرک کے جاری امتحانات میں پرچے آؤٹ ہونے کا نوٹس لیا ہے‘ نظم و نسق کے حوالے سے کاروائی میں 12 ملازمین کو معطل کیا گیا ہے‘ صوبائی وزیر تعلیم فیصل ترکئی کا کہنا ہے کہ جہاں بھی امتحانی ہال سے متعلق کوئی شکایت آئی تو اسے بلیک لسٹ کر دیا جائے گا۔ پرچے آؤٹ ہونے کی شکایات پر حکومت کا نوٹس قابل اطمینان سہی ضرورت اس سلسلے کو مستقل بنیادوں پر ختم کرنے کی ہے‘ اس ضمن میں ناگزیر ہے کہ بروقت ہوم ورک مکمل کیا جائے تاکہ مستقبل میں اس طرح کی صورتحال پیش نہ آئے۔