گرمی کی شدت میں اضافے کیساتھ ملک کا سیاسی درجہ حرارت بھی بڑھتا نظر آرہا ہے9مئی کے حوالے سے سیاسی سرگرمیاں نسبتاً زیادہ دکھائی دیں سیاسی بیانات میں لہجوں کی سختی کے ساتھ الفاظ کی گولہ باری بھی بڑھتی دکھائی دے رہی ہے دوسری جانب عام آدمی کی پریشانی کا گراف مارکیٹ میں گرانی کیساتھ یوٹیلٹی بلوں کا حجم روزانہ بڑھنے پر مسلسل بلند ہوتا چلا جا رہاہے‘ بدھ کے روز نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے بجلی کی قیمت میں 2روپے83 پیسے فی یونٹ کا اضافہ ہوا ہے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں ہونیوالے اس اضافے کا اعلامیہ بھی جاری کردیاگیا ہے اس ایک اعلامیے پر ملک میں بجلی کے صارفین اربوں روپے اضافی ادا کریں گے اس بھاری بل کے باوجود ان صارفین کو لوڈشیڈنگ‘ ترسیل کے نظام میں خرابیوں‘ بجلی چوری کے باعث بل جمع کرانے کے باوجود اضافی وقت کیلئے بجلی کی بندش جو دوسروں کے جرم کی سزا کے طور پر ہے برداشت کرنا پڑتی ہے‘ یہی حال گیس کا بھی ہے جہاں بھاری بل ادا کرنے کے باوجود لوڈشیڈنگ کی اذیت بھی ہے‘ آبادی کا ایک بڑا حصہ پینے کے صاف پانی کی سہولت سے محروم ہے شہری علاقوں میں آب رسانی کیلئے بچھائی گئی بوسیدہ زنگ آلود پائپ لائنیں بیماریاں پھیلارہی ہیں یہ لائنیں سیوریج کی نالیوں سے گزرتے ہوئے خطرناک جراثیم پانی میں ملا رہی ہیں‘ اس ساری صورتحال میں ضرورت ایک جانب معاشی استحکام یقینی بنانے کی ہے تو دوسری طرف عوام کے ریلیف کیلئے فوری اقدامات کی ہے‘ معاشی استحکام کیلئے ضروری دیگر عوامل کیساتھ سیاسی استحکام بھی ہے‘ وطن عزیز کا سیاسی میدان ایک عرصے سے تناؤ اور کشمکش کا شکار چلا آرہا ہے اس ماحول کو کسی بھی ریاست میں سرمایہ کاری کیلئے ہر گز موزوں نہیں گردانا جاسکتا پارلیمانی جمہوری نظام میں اختلاف رائے حقیقت ہے تاہم ضروری اہم قومی امور پر مل بیٹھ کر بات کرنا بھی ہے جس کے لئے سینئر قیادت کو ہی کردار ادا کرنا ہوتا ہے۔
ایمبولینس سروس؟
خیبرپختونخوا میں ائیرایمبولینس سروس شروع کرنے کا عندیہ قابل اطمینان ہے‘ یہ سروس جتنا جلد شروع ہو اتنا بہتر ہے اس کے ساتھ ضرورت صوبے کے دارالحکومت پشاور میں ٹریفک کے سنگین مسئلے میں ایمبولینس سروس کے آپریشن کو دیکھنے کی ہے‘صوبے کی بڑی علاج گاہوں کے راستوں پر ٹریفک جام معمول ہے‘ ایسے میں متبادل کے طور پر بی آر ٹی کا ٹریک اگر ایمبولینس اور فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کیلئے بھی استعمال ہو جائے تو مریضوں کو جلد پہنچانے کے ساتھ آتشزدگی کی صورت میں فوری اقدامات ممکن بنائے جا سکتے ہیں‘ اس حوالے سے تکنیکی جائزہ لے کر فوری اقدامات ناگزیر ہیں‘ کیا ہی بہتر ہو کہ خود وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اس حوالے سے احکامات جاری کردیں۔