ایپل کی جانب سے اب تک کا سب سے پتلا آئی فون تیار کیے جانے کا امکان

ایپل نے 2017 میں آئی فون ایکس (10) او ایل ای ڈی ڈسپلے اور فیس آئی ڈی کے ساتھ متعارف کرایا تھا۔

مگر اس کے بعد سے آئی فونز کے ڈیزائن میں کوئی خاص نمایاں تبدیلی نہیں کی گئی۔

مگر اب ایپل کی جانب سے آئی فون کے ڈیزائن میں نمایاں تبدیلی کی جا رہی ہے اور یہ نیا ڈیزائن آئی فون 17 سلم نامی ماڈل کا حصہ بنے گا۔

یہ نیا فون ایپل کا اب تک کا سب سے پتلا آئی فون ہوگا۔

ایک رپورٹ کے مطابق 2025 میں ایپل کی جانب سے آئی فون سیریز کو ریفریش کیا جائے گا اور پلس ماڈل کو ختم کرکے اس کی جگہ آئی فون 17 سلم کو دی جائے گی۔

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ آئی فون سلم کی قیمت آئی فون پرو میکس سے بھی زیادہ ہوگی۔

ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا کہ آئی فون سلم میں ڈائنامک آئی لینڈ ڈیزائن کا حجم چھوٹا ہوگا۔

یہ سلم ماڈل 6.6 انچ کے ڈسپلے سے لیس ہوگا اور اس کی موٹائی حیران کن حد تک کم ہوگی۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ابھی آئی فون 16 سیریز کو متعارف نہیں کرایا گیا مگر 2025 کے ماڈلز کے بارے میں لیکس سامنے آنا شروع ہوگئی ہیں۔

ایپل کی جانب سے آئی فون 16 سیریز کو رواں سال ستمبر میں متعارف کرایا جائے گا اور اس کے لیے مختلف ڈیزائنز پر غور کیا جا رہا ہے۔