میٹا نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ انسٹاگرام صارفین کی عمر کی تصدیق کے لیے آرٹی فیشل انٹیلیجنس (AI) ٹیکنالوجی کا استعمال کرے گا۔ یہ AI ٹول صارف کی حقیقی عمر کا پتہ لگائے گا، چاہے وہ غلط معلومات فراہم کرے۔
اگر کوئی صارف 18 سال سے کم ہو لیکن غلط عمر درج کرے، تو یہ AI ٹیکنالوجی اسے خودکار طور پر "ٹین اکاؤنٹ" میں منتقل کر دے گی۔ میٹا نے ستمبر 2024 میں ٹین اکاؤنٹس متعارف کرائے تھے، جو 13 سے 17 سال کے نوجوانوں کے لیے مخصوص ہیں اور ان میں نوجوانوں کے تحفظ کے لیے مختلف پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔
کمپنی کے مطابق، آن لائن صارفین کی اصل عمر کا تعین کرنا ایک چیلنج ہے، اور یہ نظام صارفین کو محفوظ تجربہ فراہم کرنے کے لیے تیار کیا جا رہا ہے۔ یہ فیچر سب سے پہلے امریکا میں آزمائشی طور پر متعارف کرایا جائے گا۔