یوٹیوب صارفین کے لئے دلچسپ فیچرمتعارف

یوٹیوب میں ایک ایسا نیا فیچر متعارف کرایا جا رہا ہے جو ایکس (ٹوئٹر) کے کمیونٹی نوٹس سے کافی ملتا جلتا ہے۔

9 ٹو 5 گوگل کی ایک رپورٹ کے مطابق یوٹیوب کے اس نئے فیچر کا مقصد ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم میں گمراہ کن مواد کی روک تھام کرنا ہے۔

اس فیچر کے ذریعے صارفین جھوٹے مواد یا الجھن میں ڈال دینے والی ویڈیوز میں وضاحتی نوٹس کا اضافہ کر سکیں گے,یہ نوٹس ریویو پراسیس سے گزر کر ویڈیوز کے نیچے ظاہر ہوں گے۔

گوگل کی جانب سے اس فیچر کا اعلان جون میں کیا گیا تھا اور اب اس کی آزمائش شروع کی گئی ہے,یہ فیچر محدود صارفین کو دستیاب ہے جو ویڈیوز میں مددگار نوٹس کا اضافہ کرکے دیگر افراد کو گمراہ کن مواد سے بچا سکیں گے۔

رپورٹ کے مطابق اگر کسی صارف کو ویڈیو گمراہ کن یا غیر واضح مواد پر مشتمل محسوس ہو تو وہ یہ فیچر استعمال کرسکتے ہیں,ان کی جانب سے لکھے گئے نوٹس پر نظرثانی دیگر صارفین کریں گے اور اگر زیادہ تر ریویوز میں ان نوٹس کو مددگار قرار دیا گیا تو پھر وہ ویڈیوز کے نیچے پوسٹ ہوں گے۔

یوٹیوب کی جانب سے صارفین کو نوٹیفکیشن بھیج کر آگاہ کیا جائے گا کہ ان کے نوٹس پوسٹ کر دیے گئے ہیں,فی الحال یہ فیچر موبائل ڈیوائسز کے لیے متعارف کرایا جا رہا ہے۔

جن صارفین کو یہ فیچر دستیاب ہے ان کے سامنے ویڈیوز کے نیچے ایڈ نوٹ کا آپشن نظر آئے گا جس پر کلک کرکے انہیں اپنا نوٹ تحریر کرنا ہوگا۔

صارفین کو اپنے نوٹس میں قابل اعتماد سورسز کا حوالہ بھی دینا ہوگا جبکہ اس کا مواد قابل فہم ہونا ضروری ہوگا,خاص بات یہ ہے کہ نوٹس تحریر کرنے والے کا نام ظاہر نہیں کیا جائے گا۔