فائرل وال کی تنصیب کا دوسرا ٹرائل کامیابی کے ساتھ مکمل، ٹیلی کام ذرائع

ملک میں انٹرنیٹ فائرل وال کی تنصیب کا دوسرا ٹرائل کامیابی کے ساتھ مکمل کرلیا گیا ہے۔

ٹیلی کام ذرائع کے مطابق انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں پر فائر وال انسٹال کردی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق سوشل میڈیا سروسز آئندہ دو سے تین روز میں معمول پر آجائیں گی، ذرائع کا بتانا ہے کہ فائر وال سے موبائل سگنلز اور انٹرنیٹ سروس کو بھی ڈاؤن کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق قومی سلامتی کے پیش نظر فائر وال کی تنصیب کی جارہی ہے، فائر وال ڈیپ پیکٹ انسپیکشن کی صلاحیت کی حامل ہوگی۔

دوسری جانب آج سینیٹرپلوشہ خان کی زیر صدارت ایوان بالا کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا اجلاس ہوا جس میں ملک بھرمیں انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے کے معاملے پر بحث کی گئی۔

فائروال سے متعلق پی ٹی اے حکام نے آج قائمہ کمیٹی میں تفصیلات پیش کرنا تھیں تاہم پی ٹی اے حکام کی عدم دستیابی کی وجہ سے ایجنڈا ملتوی کر دیا گیا، فائر وال پر قائمہ کمیٹی نے ان کیمرا بریفنگ طلب کر رکھی تھی۔

علاوہ ازیں انٹرنیٹ سروس  پرو وائیڈرز (آئی ایس پیز) ایسوسی ایشن کے مطابق ملک میں انٹرنیٹ کی رفتار میں 30 سے 40 فیصد کمی آگئی ہے۔

وائرلیس اینڈ انٹرنیٹ سروس پرووائیڈرز ایسوسی ایشن آف پاکستان نے اپنے بیان میں کہا کہ سکیورٹی اور نگرانی کو بڑھانے کے حکومتی فیصلے کا غیر ارادی نتیجہ نکلا ہے جس کے باعث گزشتہ چند ہفتوں کے دوران انٹرنیٹ کی رفتار میں 30 سے 40 فیصد تک کمی آئی ہے۔