فائر وال سے پہلے ویب منیجمنٹ سسٹم تھا، حکومت اب اسے اپڈیٹ کر رہی ہے، وزیرمملکت آئی ٹی

انٹرنیٹ سروسز کے متاثر ہونے اور فائر وال کی تنصیب کے معاملے پر وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) شزہ فاطمہ نے کہا ہے کہ انٹرنیٹ کے سست ہونے کی شکایات آئی ہیں، ڈیجیٹل اکانومی اور ڈیجیٹل گورنمنٹ کا انحصار انٹرنیٹ کی اچھی اسپیڈ پر ہے۔

وزیر مملکت نے جمعرات کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی اے سے گزشتہ دو ہفتوں کا ڈیٹا مانگا ہے، ڈیٹا ٹریفک دیکھ کر انٹرنیٹ اسپیڈ کا پتہ چلے گا، ہم 5 جی کی آکشن کی کوششوں میں ہیں، فائر وال سائبر سکیورٹی مئیرمنٹ ہے، دنیا میں تمام ممالک فائروال استعمال کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فائر وال سے پہلے ویب منیجمنٹ سسٹم تھا حکومت اب سسٹم کو اپڈیٹ کر رہی ہے۔ سائبر سکیورٹی کے حملوں سے بچنےکے لیے فائروال انسٹال کی جاتی ہے، جلد آگاہ کریں گے کہ اب تک کتنے سائبر حملے ہوچکے ہیں۔