میک ڈیوائسز میں واٹس ایپ استعمال کرنیوالے صارفین کے لیے ایک نئے فیچر کا اضافہ

واٹس ایپ کی جانب سے ایک نیا فیچر متعارف کرایا جا رہا ہے جس کی بدولت میک کمپیوٹرز کے لیے اس ایپ میں چینلز کو دیکھنا اور انہیں فالو کرنا ممکن ہو جائے گا۔

WABetaInfo کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ میک کے لیے واٹس ایپ کے نئے بیٹا ورژن میں یہ فیچر دیا گیا ہے۔

واٹس ایپ کی میک ڈیوائسز کے لیے دستیاب ایپ میں اب تک چینلز کو دیکھنا یا انہیں فالو کرنا ممکن نہیں تھا۔

مگر اس نئے فیچر سے صارفین اسٹیٹس ٹیب میں چینلز کو دیکھ سکیں گے۔

کمپنی کی جانب سے ٹیب کا نام تبدیل کرکے اپ ڈیٹس کیا جا رہا ہے۔

صارفین چینلز کو دیکھنے یا فالو کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں تلاش بھی کرسکیں گے جس کے لیے چینل فلٹرنگ کا آپشن بھی دیا جا رہا ہے۔

اس سے صارفین کو اپنی دلچسپی کے مواد کو تلاش کرنے میں مدد ملے گی اور انہیں موبائل ایپ استعمال کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

رپورٹ کے مطابق میک ایپ میں آپ کو ان چینلز کو دوبارہ فالو کرنا ہوگا جن کو موبائل ایپ پر فالو کر رہے ہوں گے۔

جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ یہ فیچر ابھی بیٹا ورژن میں دیا گیا ہے تو ابھی یہ کہنا مشکل ہے کہ اسے تمام صارفین کے لیے کب تک متعارف کرایا جائے گا۔