اسرائیل نے لبنان کے موبائل فون نیٹورکس ہیک کر لیے

لبنان میں پیجرز اور واکی ٹاکیز میں بم دھماکے کرنے کے بعد اسرائیل نے اب لبنان کے موبائل فون نیٹ ورکس ہیک کر لیے ہیں۔ پیر کے روز اسرائیل نے لبنان میں بمباری شروع کی تو اس سے پہلے متعدد موبائل فون صارفین کو پیغامات موصول ہوئے کہ ان کا گھر بموں سے اڑایا جانے والا ہے۔

یہ پیغامات جنوبی لبنان کے دیہات اور بیروت کے کچھ حصے میں مقیم صارفین کو موصول ہوئے۔

موبائل فون پر بم حملوں کی اطلاع ملنے کے کچھ ہی دیر بعد اسرائیل نے ان مقامات پر بمباری کر دی۔

پیر کے روز لبنان میں اسرائیل کی بماری سے کم از کم 400 افراد شہید اور ایک ہزار سے زائد زخمی ہوئے۔

اسرائیل کی جانب سے موبائل فون نیٹ ورک ہیک کرنے کا عمل اتنا وسیع تھا کہ جہاں بعض لوگوں کو ٹیکسٹ پیغامات ملے وہیں کئی صارفین کو موبائل فونز پر فون کال بھی کی گئی اور انہیں گھر خالی کرنے کے لیے کہا گیا۔

یہاں تک کہ لبنان کے وزیر اطلاعات کو بھی ایسی ہی ایک فون کال موصول ہوئی۔

عرب ٹی وی الجزیرہ کے مطابق کئی مقامی ریڈیو نیٹ ورکس بھی ہیک کر کے اسرائیلی فوج نے پیغامات نشر کیے۔