ا
اسلام آباد: چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) میجرجنرل (ر) حفیظ الرحمان نے کہا ہے کہ ہمیں جس دن حکومت کہے گی ہم ایکس کو کھول دیں گے۔
چیئرمین پی ٹی اے نے اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت یا وزارتِ داخلہ اگر ایکس بند کرنے کی ہدایت دے تو ہم اس سے سوال نہیں اٹھاسکتے، ہدایت پر ہم ایکس بند کرنے کے پابند ہیں، ہمیں جس دن حکومت کہے گی ہم کھول دیں گے۔
میجرجنرل (ر) حفیظ الرحمان نے کہا کہ لوگ گوگل پر سرچ کرکے دیکھ لیں کہ ایشیاء میں انٹرنیٹ کب کب اور کتنا بند ہوا، 2022 میں انڈیا میں 24مرتبہ جبکہ پاکستان میں ایک بار انٹر نیٹ بند ہوا، 2023میں انڈیا میں ایک سو سولہ بار انٹر نیٹ بند ہوا، فرانس میں جو واقعہ پیش آیا اس وقت کتنے دن انٹرنیٹ بند رہا، بنگلہ دیش کے آخری انتخابات میں کیا انٹرنیٹ بند نہیں ہوا، ہم اس کی حمایت نہیں کرتے مگر ہر ملک کے سیکیورٹی تحفظات ہوتے ہیں، قومی سلامتی ایک ضرورت ہوتی ہے جس کو حکومت دیکھتی ہے۔
میجرجنرل (ر) حفیظ الرحمان کا کہنا تھا کہ پنجگور میں اس وقت ڈیٹا بند ہے، مجھ سے اس بارے میں پوچھا گیا تو میں نے کہا متعلقہ کورکمانڈر اور وزارت داخلہ سے پوچھیں ،ہمیں جب کہیں گے ہم کھول دیں گے، قومی سلامتی سے متعلق فیصلے حکومت اور وزارت داخلہ کو کرنے ہوتے ہیں۔
حفیظ الرحمان نے کہا کہ ہمارے پاس شکایات کا میکنزم ہے، یومیہ شکایات موصول ہوتی ہیں، جہاں سوشل میڈیا پر خلاف ورزی ہوتی ہے تو ہم پیکا قانون سمیت دیگر متعلقہ قوانین دیکھتے ہیں، سوشل میڈیا ویب سائٹس ہمارے ساتھ مکمل تعاون کرتی ہیں اور اس کا 93 فیصد کمپلائںس ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج تک کسی سیکیورٹی ایجنسی نے ہمیں کوئی خط نہیں لکھا، سیکیورٹی ایجنسیاں ہمیں نہیں کہتی سوشل میڈیا یا انٹرنیٹ بند کیا جائے، ہمیں عدالت حکم دیتی ہے یا وزارت داخلہ کہتی ہے، ابھی ایم ڈی کیٹ کے ٹیسٹ ہوئے تو ہمیں کہا گیا کہ انٹر نیٹ سروس بند کریں ہم نے انکار کردیا، اسی طرح ایف پی ایس سی کے سربراہ نے انٹرنیٹ سروس بند کرنے کا کہا ہم نے انہیں بھی انکار کردیا۔
چیئرمین پی ٹی اے نے کہا کہ ایف بی آر نے سم بلاک کرنے کا کہنا بطور ریگولیٹر ہم نے اس سے بھی انکار کردیا، اس پر وزیر خزانے نے ہمیں بلایا وہاں بھی ہم نے اپنا مؤقف انہیں بتایا اس پر وہ ناراض بھی ہوئے، بعد میں ایف بی آر اور ٹیلی کام کمپنیوں کے درمیان کوئی ارینجمنٹ ہوا تو اسکے مطابق وہ خود سے کام کررہے ہیں، ابھی چند دن قبل موبائل سم شناختی کارڈ کے ساتھ منسلک کرنے کا کہا اس سے بھی انکار کردیا، پی ٹی اے کا مؤقف واضح ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اپریل میں جب فائیو جی کی نیلامی ہوجایے گی تو اس سے بہت سے مسائل حل ہو جائیں گے، اسی طرح جب فائبرائزیشن مکمل ہو جائے گی تو اس سے بھی مسائل حل ہو جائیں گے، پچھلے پانچ سال میں انڈیا نے فائبر بچھانے پر تیرہ ارب ڈالر خرچ کئے ہیں، پاکستان بھی اب نیشنل فائبرائزیشن پلان تیار کررہا ہے، چائنیز کمپنی پاکستان آئی ہوئی ہے، توقع ہے کہ اگلے سال فائبرائزئشن مین بہتری آئے گی، فائیو جی پر کام ایڈوانس مرحلے میں ہے۔