وکی پیڈیا دنیا کی سب سے زیادہ وزٹ کی جانے والی ویب سائٹس میں سے ایک ہے، جو 2001 سے ایک اوپن آن لائن انسائیکلوپیڈیا کے طور پر کام کر رہی ہے۔
ہر سال وکی پیڈیا کے لاتعداد پیجز کو لوگوں کی جانب سے اربوں بار دیکھا جاتا ہے۔
2024 میں وکی پیڈیا سائٹ پر اکتوبر تک 76 ارب سے زائد بار لوگوں نے وزٹ کیا اور آن لائن انسائیکلو پیڈیا کی جانب سے سب سے زیادہ پڑھے جانے والے مضامین کی فہرست جاری کی گئی ہے۔
وکی میڈیا فاؤنڈیشن کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ 2024 کے مقبول ترین پیجز سے ہماری دنیا کی عکاسی ہوتی ہے اور عندیہ ملتا ہے کہ وقت کے اس منفرد لمحے میں ہماری دلچسپیاں مشترکہ ہیں۔
اس سال سب سے زیادہ مقبول وکی پیڈیا پیج ڈیتھس ان 2024 رہا جسے 4 کروڑ 40 لاکھ سے زائد بار دیکھا گیا۔
امریکی نائب صدر کملا ہیرس کا وکی پیڈیا پیج 2024 کا دوسرا مقبول ترین پیج رہا جس پر لگ بھگ 2 کروڑ 90 لاکھ افراد نے وزٹ کیا۔
تیسرے نمبر پر 2024 کے امریکی صدارتی انتخابات کا پیج رہا، جس پر وزٹ کرنے والوں کی تعداد 2 کروڑ 79 لاکھ سے زائد رہی۔
چوتھا مقبول ترین پیج Lyle اور Erik Menendez کا رہا۔
ان دونوں بھائیوں نے 1989 میں اپنے والدین کو قتل کیا تھا اور اب جیل میں عمر قید کاٹ رہے ہیں۔
لوگوں میں ان بھائیوں کے بارے میں دلچسپی ایک دستاویزی فلم کی وجہ سے بڑھی جو 2024 میں جاری ہوئی۔
ان کے وکی پیڈیا پیج کو 2 کروڑ 60 لاکھ سے زائد افراد نے دیکھا۔
دوسری بار امریکی صدر منتخب ہونے والے ڈونلڈ ٹرمپ کے وکی پیڈیا پیج پر ڈھائی کروڑ سے زائد افراد نے وزٹ کیا اور یہ اس فہرست میں 5 ویں نمبر پر رہا۔
انڈین پریمیئر لیگ کے حصے میں چھٹا نمبر آیا جس کے وکی پیڈیا پیج پر 2 کروڑ 45 لاکھ سے زائد افراد نے وزٹ کیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے نائب صدر کے عہدے کے لیے منتخب کیے گئے JD Vance کا وکی پیڈیا پیج 7 ویں نمبر پر رہا جس کے ویوز کی تعداد 2 کروڑ 33 لاکھ سے زائد رہی۔
ہالی وڈٖ فلم Deadpool & Wolverine کے حصے میں 8 واں نمبر آیا جبکہ امریکی دائیں بازو کے ایک تھنک ٹینک کے پیش کردہ پراجیکٹ 2025 کا وکی پیڈیا پیج 9 ویں نمبر پر رہا۔
2024 میں ہونے والی بھارتی انتخابات کا وکی پیڈیا پیج 10 ویں نمبر پر رہا جبکہ امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ 11 ویں اور گزشتہ سال سرفہرست رہنے والا چیٹ جی پی ٹی پیج اس بار 12 ویں نمبر پر چلا گیا۔