گوگل نے نیا جیمنائی 0۔2 اے آئی ماڈل متعارف کرا دیا

گوگل نے اپنے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ماڈل جیمنائی کا نیا اور پہلے سے زیادہ طاقتور ورژن متعارف کرا دیا ہے۔

گوگل نے اپنے آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ماڈل جیمنائی کا نیا اور زیادہ طاقتور ورژن، جیمنائی 2.0 فلیش، متعارف کرایا ہے۔ گوگل کے سی ای او سندر پچائی نے اس ماڈل کو "ایجنٹک ٹیکنالوجی" کے نئے دور کا آغاز قرار دیا ہے۔

جیمنائی 2.0 فلیش عالمی سطح پر چیٹ ورژن میں دستیاب ہوگا، اور اس کا ایک تجرباتی ملٹی ماڈل ورژن بھی ہے جو ڈویلپرز کو ٹیکسٹ ٹو اسپیچ اور امیجز بنانے کی سہولت فراہم کرے گا۔ گوگل نے بتایا کہ جیمنائی 2.0 اپنے پچھلے ورژن کو مختلف شعبوں جیسے کوڈ جنریشن میں پیچھے چھوڑ چکا ہے۔

سندر پچائی نے کہا کہ "اگر جیمنائی 1.0 کا مقصد تفصیلات کو سمجھنا اور ترتیب دینا تھا، تو جیمنائی 2.0 اس عمل کو کہیں زیادہ مؤثر اور کارگر بنا دے گا۔"

صارفین چیٹ آپٹیمائزڈ جیمنائی 2.0 فلیش ماڈل کو ویب پر ماڈل مینیو سے سلیکٹ کرسکتے ہیں، جبکہ موبائل ایپ پر بھی جلد یہ دستیاب ہوگا۔ اس کا ملٹی ماڈل ورژن گوگل کے اے آئی اسٹوڈیو اور ورٹیکس اے آئی پلیٹ فارمز پر بھی فراہم کیا جائے گا۔

Agentic AI سے مراد وہ سسٹم ہے جو خود مختار طور پر فیصلے کرنے، صارف کے لیے کام کرنے اور اقدامات اٹھانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ گوگل کا کہنا ہے کہ اگرچہ اس ماڈل کو ابھی بھی انسانی ہدایت اور نگرانی کی ضرورت ہوگی، تاہم یہ ماڈل صارف کی ماضی کی ترجیحات کو مدنظر رکھتے ہوئے خودکار طور پر ہوٹل بکنگ، ریسٹورینٹس میں ریزرویشن اور شیڈول ترتیب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

گوگل نے جیمنائی اے آئی ماڈل کو اپنے اہم پلیٹ فارمز جیسے سرچ، اینڈرائیڈ اور یوٹیوب کا حصہ بنانے کا اعلان کیا ہے، جس سے 2 ارب سے زائد صارفین اس کا فائدہ اٹھا سکیں گے۔

مزید برآں، گوگل نے ایک تجرباتی اے آئی ایجنٹ Astra بھی متعارف کرایا ہے، جو اسمارٹ کیمروں کے ذریعے رئیل ٹائم میں ڈیٹا کا تجزیہ کرے گا۔ اس ایجنٹ کو گوگل میپس اور گوگل لینس کے ڈیٹا میں ضم کیا جائے گا۔

کمپنی کے مطابق، جیمنائی 2.0 فلیش کا ملٹی ماڈل ورژن جنوری 2025 میں عالمی سطح پر دستیاب ہوگا، اور اسے 2025 کے آغاز میں دیگر گوگل پراڈکٹس میں بھی شامل کیا جائے گا۔