حکومتی قرض کو شریعہ اصولوں پر منتقل کرنا بڑا چیلنج ہے: ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک

ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا ہے کہ حکومتی قرض کو شریعہ اصولوں پر منتقل کرنا بڑا چیلنج ہے۔

اسلامی ڈیولپمنٹ بینک، ایّوفی اور سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کی دوسری اسلامک کیپٹل مارکیٹ کانفرنس اور ایکسپو کا کراچی کے مقامی ہوٹل میں آغاز ہوا۔

کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے وزیرخزانہ، ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک، چیئرمین ایس ای سی پی، ایم ڈی اسلامک ڈیولپمنٹ بینک اور اکاؤنٹنگ اینڈ آڈیٹنگ بورڈ کے چیئرمین نے خطابات کئے۔

کانفرنس سے خطاب میں وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ اسلامی مالیاتی نظام پر منتقلی کے سفر میں سب کو مل کر چلنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شریعہ اصولوں پر مرتب پراڈکٹ سے صارف کا اعتماد حاصل کرنا ہے، حکومت کو سکوک کے ذریعے سود سے پاک قرض مل سکتا ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ دنیا میں ویلیو فنانشل خدمات کی مانگ بڑھ رہی ہے، ایس ای سی پی ریگولیٹری ماحول فراہم کر رہا ہے، ایس ای سی پی کی توجہ شعبے کی صلاحیت بڑھانے پر بھی ہے۔

اپنے خطاب میں چیئرمین ایّوفی شیخ ابراہیم بن خلیفہ ال خلیفہ نے کہا کہ آئینی ترمیم سے پاکستان کے مالیاتی نظام کو اسلامی اصولوں پر منتقل کرنا حکومت اور عوام کے عزم کا اظہار ہے، پاکستان دنیا کیلئے رول ماڈل بن گیا ہے۔

کانفرنس کے پہلے روز ربا سے پاک مالی نظام پر منتقلی کے سفر میں خواتین پیش پیش اور پاکستان کا مالیاتی شعبہ سود سے پاک مالی نظام پر منتقلی کیلئے بہت پرامید نظر آیا اور وہاں یہ بات بھی ہوئی کہ ہر10 پاکستانیوں میں 9 آجر بننے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

ماہرین نے حکومت اور اس کے اداروں کو مشورہ دیا کہ 26 آئینی ذمہ داری کو حکمت عملی سے مل کر آگے بڑھائیں۔ اسلامی مالیاتی پروڈکٹ کی طلب عالمی سطح پر بڑھ رہی ہے۔