کیا آپ کو معلوم ہے کہ دنیا کی مقبول ترین ویب سائٹ کونسی ہے جو انٹرنیٹ کے اربوں صارفین استعمال کرتے ہیں؟
اس کا جواب گوگل ہے جو کلاؤڈ فلیئر کی 2024 کی فہرست میں ایک بار پھر دنیا کی مقبول ترین ویب سائٹ قرار پائی ہے۔
درحقیقت یہ مسلسل تیسرا سال ہے جب گوگل نے نمبرون پوزیشن اپنے نام کی ہے جس کے بعد فیس بک دوسرے اور ایپل تیسرے نمبر پر ہے۔
واضح رہے کہ عرصے سے ہر سال کے اختتام پر دنیا کی مقبول ترین ویب سائٹ کا اعزاز گوگل کے حصے میں ہی آتا ہے۔
بس 2021 میں حیران کن طور پر ٹک ٹاک نے گوگل کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کے مقبول ترین ویب ایڈریس کا اعزاز اپنے نام کیا تھا۔
مگر 2022 میں ٹک ٹاک کی گوگل اور فیس بک جیسی سائٹس کے خلاف بالادستی ختم ہوگئی اور 2023 میں بھی وہ دوبارہ ابھر نہیں سکی ہے۔
2023 کی طرح اس سال بھی ٹک ٹاک کے حصے میں چوتھا نمبر آیا ہے۔
ایمازون ویب سروسز 5 ویں جبکہ مائیکرو سافٹ چھٹے نمبر پر موجود ہے۔
انسٹا گرام 7 ویں، یوٹیوب 8 ویں، ایمازون 9 ویں جبکہ پہلی بار واٹس ایپ کے حصے میں 10 واں نمبر آیا۔
اس سال جنریٹیو آرٹی فیشل انٹیلی جنس کی کیٹیگری میں مسلسل دوسرے سال اوپن اے آئی کو نمبرون پوزیشن حاصل ہوئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ 2024 میں انٹرنیٹ ٹریفک میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 17 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا جس کی وجہ اے آئی ٹیکنالوجی میں دلچسپی اور اسمارٹ ڈیوائسز کی تعداد میں اضافہ ہے۔
اسی طرح 2024 میں دنیا میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والا ویب براؤزر گوگل کروم رہا جسے 65.73 فیصد افراد نے استعمال کیا۔
جہاں تک سرچ انجن کی بات ہے تو اس شعبے میں گوگل کی بالادستی برقرار رہی اور 88.5 فیصد انٹرنیٹ سرچز کے لیے اسے استعمال کیا گیا۔